Decision not to carry out load shedding for 3 days of Eid-ul-Fitr

عیدالفطر کے 3 دن بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

 پاورڈویژن نے تمام پاورجنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت کردی



Decision not to carry out load shedding for 3 days of Eid-ul-Fitr

حکومت نے عید الفطر کے 3 دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے لیے پاورڈویژن کی جانب سے تمام پاورجنریشن کمپنیوں کو مطلوبہ تیل اور گیس فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ پاور ڈویژن نے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے بجلی کی طلب اور رسد کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں ۔

دوسری طرف وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ یکم مئی سے بجلی بحران کی صورتحال بہتر ہوجائے گی ، لوڈشیڈنگ کی اصل وجہ ایندھن کی عدم فراہمی ہے، 5800 میگاواٹ بجلی کے یونٹ بند پڑے ہیں ، اگلے ہفتے 45ہزار ٹن فرنس آئل مل جائے گا۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 58 سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے یونٹ بند پڑے ہیں، ایندھن کی عدم فراہمی لوڈشیڈنگ کی اصل وجہ ہے، عمران خان کی نالائقی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہورہا ہے ، یکم مئی سے بجلی بحران کی صورتحال بہتر ہونا شروع ہوجائے گی، اگلے ہفتے 45 ہزار ٹن فرنس آئل مل جائے گا، اب وقت پر آر ایل این جی کی خریداری کرنی ہوگی، جس کے باعث اگلے سال مارچ میں حالات مزید بہتر ہوجائیں گے۔


خیال رہے کہ ملک بھر میں بجلی کا شدید بحران ہے کیوں کہ شارٹ فال 8 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ گیا ہے ،جس کی وجہ سے شہریوں کی تکالیف و مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے ،شہری علاقوں میں چھ سے آٹھ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے شارٹ فال بھی بڑھنے لگا،ملک میں بجلی کا شارٹ فال 8 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ گیا، ملک بھر میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ، بجلی کی مجموعی پیداوار 18 ہزار 400 میگاواٹ ہے ، ملک بھر میں بجلی کی طلب 27 ہزار 200 میگاواٹ ہے ، پن بجلی ذرائع 3 ہزار 500 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں ۔


معلوم ہوا ہے کہ سرکاری تھرمل پاورپلانٹس صرف 900 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں ، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14 ہزارمیگاواٹ ہے ، گیس اور ایندھن کی شدید قلت کے باعث تھرمل پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے ڈیمانڈ اور سپلائی میں موجود فرق تیزی سے بڑھ رہا ہے ، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے سات سے آٹھ ہزار میگاواٹ کے درمیان شارٹ فال ہے اور اگر آنے والے دنوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہا تو اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔


Comments

Search For Jobs